شارجہ: پاکستانی نوجوان احسن یاسین نے شیخ محمد بن زاید یوتھ کیمل ریس جیت کر گولڈن کیمل ٹرافی اور 50 ہزار درہم (تقریباً 38 لاکھ روپے) حاصل کر لیے۔
شارجہ میں 54 ویں شیخ محمد بن زاید کیمل ریسنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا کے 50 سے زائد ممالک کے نوجوانوں نے حصہ لیا۔ 18 سالہ احسن یاسین نے دو کلومیٹر کی ریس انتہائی شاندار کارکردگی کے ساتھ محض 3 منٹ 47 سیکنڈ میں مکمل کی اور اپنی مہارت کے بل بوتے پر سب کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ریس کے آغاز میں احسن یاسین چھٹی پوزیشن پر تھے، لیکن دوڑ کے دوران انہوں نے اپنی رفتار اور حکمت عملی کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے آگے نکل آئے اور فتح اپنے نام کی۔
احسن یاسین نہ صرف ریسنگ کے حوالے سے نمایاں ہیں بلکہ انجینئرنگ کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں اور وہ ہیریٹیج سینٹر دبئی میں کیمل ریسنگ کی تربیت بھی لیتے ہیں، جس کا اثر ان کی کارکردگی میں صاف دکھائی دیا۔
اس موقع پر احسن یاسین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند دیکھنا ناقابل بیان خوشی ہے اور یہ کامیابی ان کے لیے اور ملک کے لیے فخر کا باعث ہے۔
ان کی اس فتح نے نہ صرف پاکستانی کھیلوں کی دنیا میں ایک نئے ریکارڈ کا اضافہ کیا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنائی، جو مستقبل میں کیمل ریسنگ اور دیگر کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔


