وینزویلا کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی جانب سے حملے اور جارحیت کا شکار ہے، اور یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے جس کا اس ملک کو سامنا کرنا پڑا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے بعد کہ نکولس مادورو کو امریکی فوجیوں نے اغوا کر لیا ہے، وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا کہ عوام متحد ہیں اور اس جارحیت کو روکنے کے لیے بھرپور مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مذاکرات نہیں کریں گے، ہم کوئی رعایت نہیں دیں گے اور بالآخر ہم ہی فاتح ہوں گے۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی قوم کا دفاع جاری رکھیں گے اور وینزویلا کی آزادی اور استقلال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
دشمن ہمارے ملک میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم مزاحمت کریں گے اور غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں عوامی تحریک کا اعلان کر دیا گیا ہے اور تمام لوگ کمانڈر انچیف کے احکامات پر عمل پیرا ہوں گے۔وینزویلا کی سرزمین کے دفاع کے لیے مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور ہمارا مقصد سامراجی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہم اس جنگ میں غالب آئیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔


