لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور تین ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب بنوں میں بھی فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ بنوں پولیس کے مطابق منڈان کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل رشید خان کو شہید کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے تھانا منڈان جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد نے اسے نشانہ بنایا۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس نے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔


