وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عدالتی حکم کے تحت ملک کی صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس موقع پر منعقدہ نیوز کانفرنس میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
ڈیلسی روڈریگز کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے واحد اور آئینی صدر نکولس مادورو ہی ہیں اور کوئی بھی بیرونی طاقت وینزویلا کی قیادت یا خودمختاری پر سوال نہیں اٹھا سکتی۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا اور نہ ہی بیرونی دباؤ کو قبول کیا جائے گا۔
نائب صدر نے مزید کہا کہ وینزویلا اپنی قومی خودمختاری، جمہوری نظام اور قدرتی وسائل کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے عوام متحد ہیں اور کسی بھی جارحیت یا مداخلت کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔


