یونان بھر میں آج فضائی سفر شدید متاثر ہو گیا ہے، جہاں ایتھنز فلائٹ انفارمیشن ریجن میں مواصلاتی اور ریڈیو نظام میں بڑی تکنیکی خرابی کے باعث تمام یونانی ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث ٹیک آف اور لینڈنگ کا عمل روک دیا گیا، جس کے نتیجے میں اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہو گئیں۔اس صورتحال نے فضائی ٹریفک کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، تاہم بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں کا رخ کرنے سے قبل اپنی ایئرلائنز سے تازہ معلومات حاصل کریں۔


