ایران کی نیم سرکاری مہر خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ نے وینزویلا پر امریکی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور تمام بین الاقوامی قوانین و ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، جبکہ بیان میں خاص طور پر اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2 کے پیراگراف 4 کا حوالہ دیا گیا جس میں طاقت کے استعمال کی ممانعت کی گئی ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی رکن ایک آزاد ریاست کے خلاف امریکی فوجی حملہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، جس کے اثرات پورے بین الاقوامی نظام پر مرتب ہوں گے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر مبنی عالمی نظام مزید کمزور ہو جائے گا۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وینزویلا کو اپنی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حقِ خود ارادیت کے دفاع کا موروثی حق حاصل ہے، جبکہ ایران نے تمام حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے وینزویلا کے خلاف امریکی جارحیت کو فوری طور پر رکوائیں اور اس دوران ہونے والے جرائم کے منصوبہ سازوں اور مرتکب افراد کو جوابدہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔


