پاکستان کے معتبر میڈیا ادارے جیو نیوز نے اپنے سینئر نمائندے اور تجزیہ کار انصار عباسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ باخبر ذرائع نے واضح کیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کو تبدیل کرنے کے لیے کسی مبینہ ’’ونڈر بوائے‘‘ کی تلاش نہیں کی جا رہی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی خفیہ یا بڑا منصوبہ زیرِ غور ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے درمیان تعلقات، باہمی احترام اور مل کر کام کرنے کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ تعلقات پہلے کی طرح مضبوط اور شاندار ہیں۔
کسی کی سیاست اور ذات پاکستان سے بڑھ کر نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
ایک اہم عہدے پر فائز ذریعے نے براہِ راست سوال کے جواب میں کہا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے درمیان تعلقات ’’بہت ہی شاندار‘‘ ہیں اور اس ضمن میں گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
ذرائع نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ کسی ’’گرینڈ پلان‘‘ کے تحت وزیرِاعظم کی جگہ کسی اور شخصیت کو لانے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ تو وزیرِاعظم کے منصب پر کوئی سوالیہ نشان ہے اور نہ ہی عسکری قیادت کے ساتھ ان کے ورکنگ ریلیشن شپ کو کمزور کرنے کا کوئی معاملہ موجود ہے۔


