اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کامیابی سے منعقد ہوا، جس میں 9 پارٹیاں شریک ہوئیں۔ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد پی ایس ایل کی 7ویں اور 8ویں ٹیمیں فروخت ہوئیں۔

حیدرآباد کی ٹیم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خریدی۔ ٹیم کے مالک فواد سرور نے کہا کہ حیدرآباد میں پلا بڑھا ہوں اور ٹیم خرید کر اس شہر کا حصہ بنانا چاہتے تھے۔
دوسری جانب سیالکوٹ کی ٹیم اوزی ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے شہر کا نام سیالکوٹ رکھا گیا۔ دونوں ٹیموں کی فروخت سے مجموعی رقم 3 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچی۔ اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کامیاب آکشن پر کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل میں نئی روح پھونک دی گئی ہے۔


نیلامی کی تقریب میں ہانگ کانگ سکسز اور اے ایف سی ایشیا کپ کی فاتح ٹیم پاکستان شاہینز کے ساتھ ساتھ شاندار کارکردگی دکھانے والے انفرادی کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے گئے۔

تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی شرکت کی۔


