گھڑ سواری کے شعبے میں پاکستان نے ایک اور شاندار تاریخی اعزاز حاصل کر لیا ہے، جہاں باصلاحیت پاکستانی نوجوان عثمان خان نے عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر کے قومی پرچم سربلند کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن (FEI) کی جانب سے مڈل ایسٹ و افریقہ ایونٹنگ زون کی تازہ رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق عثمان خان نے ایونٹنگ کے مقابلوں میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر ٹاپ رائیڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کی مجموعی رینکنگ میں دنیا بھر کو چھ ایونٹنگ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں مڈل ایسٹ و افریقہ زون نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ عثمان خان نے اس زون میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
واضح رہے کہ عثمان خان اس سے قبل بھی 2019 سے 2021 تک مڈل ایسٹ و افریقہ ایونٹنگ زون میں مسلسل نمبر ون رائیڈر رہنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی تازہ کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں اور بین الاقوامی میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔


