اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی والے گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی اور قریبی چار گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اداروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق صبح 7 بج کر 20 منٹ پر دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں، تاہم ایک زخمی کو برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، سردیوں میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ رات کے وقت گیس کے استعمال سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔


