خبر دار امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں بیسز کو نشانہ بنائیں گے، ایران کا مشرق وسطیٰ کے امریکی اتحادی ممالک کو پیغام

Date:

ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سینئر ایرانی اہلکار نے بتایا کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کے اتحادی ممالک کو واضح پیغام دے دیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو ایران پر حملے سے روکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیے سمیت خطے کے ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر امریکا نے کارروائی کی تو ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی جوابی حملوں کی زد میں آئیں گے۔

دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی ممالک نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت کی ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور عمان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں عالمی آئل مارکیٹ میں شدید ہلچل پیدا ہو سکتی ہے جس سے امریکی معیشت بھی متاثر ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق بظاہر یہ عرب ممالک خاموش دکھائی دیتے ہیں تاہم پس پردہ سرگرم ہو کر لابنگ کر رہے ہیں تاکہ امریکا ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے باز رہے۔

اخبار کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی تنازع میں شامل نہیں ہوں گے اور امریکا کو ایران پر حملے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ اقدام امریکی کارروائی سے خود کو الگ رکھنے اور اسے روکنے کی کوشش کے طور پر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب ریاستوں کو خدشہ ہے کہ ایران پر حملے سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کے ٹینکروں کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، جو خلیج فارس کے دہانے پر واقع ایک اہم آبی گزرگاہ ہے اور دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کے خلاف کس نوعیت کی فوجی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا امکان موجود ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ ایران کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، وہ مختلف آرا سنتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ وہی کرتے ہیں جو انہیں بہتر محسوس ہوتا ہے۔

اسی دوران گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے ایرانی مظاہرین سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے ان سے حکومت کی جانب سے احتجاج دبانے کی کوششوں کی مخالفت کرنے اور ریاستی اداروں پر قبضہ کرنے کی اپیل کی تھی اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا تھا کہ مدد آ رہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related

امریکا کا پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کرنے کا اعلان

امریکا نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے...

گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران روس کے پانچ بڑے کارگو طیارے ایران پہنچے

روسی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے...

ایران پر حملے سے تیل کی عالمی مارکیٹ ہل جائے گی،سعودی عرب، قطر اور عمان کا امریکا کو خبردار

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی عرب...