اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ انہیں فی الحال مذاکرات کا کوئی سازگار ماحول نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اصولوں کی بنیاد پر بات کرنا چاہتا ہے، وہ براہ راست ہم سے رابطہ کرے تاکہ معاملات کا حل نکالا جا سکے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ مذاکرات کا اصل مقصد شفاف انتخابات، عوامی مینڈیٹ کی واپسی اور آزاد عدلیہ کی بحالی ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی آسائش یا چور دروازے کے لیے پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کرے گی۔ سلمان اکرم راجا نے یاد دلایا کہ پہلے بھی حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے، جن میں صرف بسکٹ اور چائے کا تبادلہ ہوا اور کوئی عملی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب بات صرف اصولوں اور عوامی مفاد کے مطابق ہو سکتی ہے۔


