چین کی انسانی خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق شینزو-20 خلائی جہاز کا ریٹرن کیپسول، جس میں کوئی خلا باز سوار نہیں تھا، پیر کے روز صبح 9 بج کر 34 منٹ (بیجنگ وقت) شمالی چین کے خودمختار علاقے اندرونِ منگولیا میں واقع ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر کامیابی سے اتر گیا۔

سی ایم ایس اے کے مطابق موقع پر کی جانے والی جانچ سے تصدیق ہوئی ہے کہ شینزو-20 کے ریٹرن کیپسول کا بیرونی حصہ مجموعی طور پر محفوظ رہا اور اس کے اندر موجود سامان بھی اچھی حالت میں پایا گیا، جس سے اس ریٹرن مشن کی مکمل کامیابی ثابت ہوتی ہے۔
ایجنسی نے مزید بتایا کہ شینزو-23 خلائی جہاز، جو متبادل بیک اپ کی ذمہ داری سنبھالے گا، جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پہنچ چکا ہے۔

واضح رہے کہ چین نے 24 اپریل 2025 کو شینزو-20 عملہ بردار خلائی جہاز لانچ کیا تھا، جس کے ذریعے تین خلا بازوں کو چھ ماہ کے مشن کے لیے مدار میں موجود چینی خلائی اسٹیشن بھیجا گیا تھا۔
تاہم سی ایم ایس اے کے مطابق شینزو-20 خلائی جہاز، جو اصل منصوبے کے تحت 5 نومبر کو تینوں خلا بازوں کو زمین پر واپس لانے والا تھا، محفوظ واپسی کے تقاضے پورے نہ کر سکا۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ شینزو-20 کے ریٹرن کیپسول کی ویو پورٹ کھڑکی میں معمولی دراڑیں پائی گئی ہیں، جو غالباً خلائی ملبے کے ٹکرانے کے باعث پیدا ہوئیں۔


