پنجاب پولیس کی جانب سے کچہ کریمنلز کے خلاف نان اسٹاپ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران راجن پور کے کچہ ایریا میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تازہ آپریشن میں انتہائی مطلوب مزید 23 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں، جس کے بعد راجن پور پولیس کے کچہ آپریشن کے دوران سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 52 ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے سرغنہ ڈاکو بھی شامل ہیں، جو پولیس اہلکاروں کی شہادت، قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے کہا ہے کہ گرفتار ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی پی او کے مطابق کچہ کراچی اور کچہ عمرانی کے علاقوں میں بھی پولیس کا بڑا آپریشن جاری ہے، جہاں ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد ڈاکو شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کے قیام تک آپریشن جاری رہے گا۔


