سانحہ گل پلازہ؛ 28 لاشیں نکال لی گئیں، لاپتا افراد کی تعداد 85 تک پہنچ گئی

Date:

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو گیا، جبکہ دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا عمل تاحال جاری ہے، جب کہ لاپتا افراد کی فہرست 85 تک جا پہنچی ہے۔

 آتشزدگی کے بعد گل پلازہ سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ 7 لاشوں کی شناخت کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ 21 ناقابلِ شناخت لاشیں ایدھی سرد خانے میں موجود ہیں۔

ڈاکٹر سمیہ طارق کے مطابق تمام جاں بحق افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ گلے میں پہنے لاکٹ کی مدد سے ایک خاتون کی شناخت مصباح کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس سرجن کے مطابق 33 سالہ مصباح دختر عرفان کے خاندان کے مزید 4 افراد بھی لاپتا ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ عمارت کا 40 فیصد حصہ گر چکا ہے اور ایس بی سی اے کے ماہرین کے مطابق باقی حصہ بھی انتہائی کمزور ہے، اس لیے تاجروں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ریڈ زون سے دور رہیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کی فہرست میں شامل بعض نام دہرائے گئے تھے جس کے بعد 75 افراد کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ 39 افراد کی لوکیشن گل پلازہ سے موصول ہوئی ہے۔

ڈی سی کے مطابق ایس بی سی اے کی ڈیمولیشن ٹیم موقع پر موجود ہے جو آپریشن سے متعلق مسلسل رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صبح تیسری اور چوتھی منزل پر ریسکیو اہلکاروں نے تفصیلی سروے کیا تاہم وہاں کوئی لاش نہیں ملی، البتہ خدشہ ہے کہ عمارت کی بائیں جانب مزید لاشیں موجود ہو سکتی ہیں، جہاں راستہ بنا کر ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔

جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ چھت پر موجود گاڑیاں مالکان کے حوالے کر دی گئی ہیں اور باقی موٹر سائیکلیں بھی اتروائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوری بعد 15 سے 20 منٹ میں تین مختلف مقامات سے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی، تاہم آگ کی شدت کے باعث ریسکیو میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم اے جناح روڈ کی جانب سے کچھ افراد کو ریسکیو کیا گیا، اس دوران ریسکیو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ڈی سی کے مطابق آگ کی شدت کے باعث ریسکیو اہلکار 32 بار عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے، چار مختلف پوائنٹس پر ہولز بنا کر ٹیمیں اندر بھیجی گئیں مگر شدید آگ کے باعث زیادہ اندر تک رسائی ممکن نہ ہو سکی۔

ریسکیو حکام کے مطابق 40 گھنٹے بعد ریسکیو اہلکار عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور لاپتا افراد کی تلاش کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

پہلی منزل پر لاشوں کی تلاش مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دوسری منزل پر سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی، جسے فائر بریگیڈ کی مدد سے کنٹرول کر لیا گیا۔

عمارت میں اندھیرے کے باعث ریسکیو اہلکار ٹارچ کی روشنی میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اندر سے انسانی اعضا ملنے اور لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related

وزیراعظم شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم کےسالانہ اجلاس میں شرکت کیلئےسوئٹزرلینڈپہنچ گئے

وزیراعظم محمدشہبازشریف عالمی اقتصادی فورم کےسالانہ اجلاس میں شرکت...

خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر،حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں...