ترکیہ کے پہلے مقامی تربیتی و جنگی طیارے ‘ہورجیٹ’ نے ارض روم میں منفی 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے شدید درجہ حرارت میں زمین اور فضا میں کیے گئے تمام ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر لیے ہیں۔

ٹرکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے مطابق، یہ طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کی توثیق کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے، جس میں طیارے کے انجن اور ہائیڈرولک سسٹمز نے انتہائی نامساعد حالات میں بھی بہترین کام کیا۔

اس سنگ میل کے بعد ہورجیٹ اب اپنی باقاعدہ شمولیت اور برآمدی مراحل کے مزید قریب پہنچ گیا ہے۔ ارض روم میں ہونے والے ان تجربات کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ طیارہ ہر قسم کے موسمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس کامیابی کو ترکیہ کی فضائیہ کی جدید سازی اور دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔


