واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس خفیہ ہتھیار کا نام ظاہر کر دیا جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ اس کے ذریعے وینزویلا کے دفاعی نظام کو مفلوج کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ایک خفیہ امریکی ہتھیار، جسے "ڈسکمبوبولیٹر” (Discombobulator) کہا جاتا ہے، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دوران استعمال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق 3 جنوری کو کاراکاس میں ہونے والی کارروائی کے دوران امریکی فوج نے اس ہتھیار کی مدد سے وینزویلا کے دفاعی نظام کو ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں صدر نکولس مادورو کو گرفتار کیا گیا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وینزویلا کے حکام کے پاس روسی اور چینی ساختہ راکٹس موجود تھے اور وہ مکمل طور پر کارروائی کے لیے تیار تھے، تاہم جیسے ہی انہوں نے راکٹس فائر کرنے کی کوشش کی، نظام جام ہو گیا اور کوئی راکٹ لانچ نہ ہو سکا۔
امریکی صدر کے مطابق یہ تمام کارروائی جدید امریکی ٹیکنالوجی کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے 3 جنوری کو وینزویلا پر بڑے پیمانے پر کارروائی کیے جانے اور صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے دعوے سامنے آئے تھے، تاہم اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔


