کوئٹہ: بلوچستان میں شدید برفباری اور دشوار موسمی حالات کے باوجود پاک فوج کے جوان ریلوے ٹریکس اور مسافر ٹرینوں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
سخت موسم اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود فوجی جوان عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان جعفر ایکسپریس اور بولان ایکسپریس سمیت اہم مسافر ٹرینوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے لائنوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ شدید سردی اور برفباری کے باوجود سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوان بیک وقت سخت موسمی آزمائشوں اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا سامنا کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
ریلوے لائنوں اور مسافر ٹرینوں کی حفاظت کے دوران جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پاک فوج کا یہ کردار عوام کے تحفظ اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی روشن مثال ہے، اور سخت حالات میں بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


