چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات کے دوران کہی، جس میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی گئی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں داخلی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، سکیورٹی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے سائبر کرائمز کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی منظم منصوبے کے تحت کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر ردعمل دے کر دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
وزیرداخلہ نے چینی سفیر کو چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ چینی شہریوں اور پروجیکٹس کی حفاظت حکومت پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے۔ اسی تناظر میں چینی شہریوں کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں جدید چینی ٹیکنالوجی اور ساز و سامان معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاک-چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے حفاظتی اقدامات پر شکریہ ادا کیا، جب کہ محسن نقوی نے چین کی ہر موقع پر غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔


