پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کیا ہے۔ تاہم ترجمان پی سی بی نے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کا یہ دعویٰ قطعی طور پر غلط ہے کہ پی سی بی نے اس معاملے پر آئی سی سی سے رجوع کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسبِ معمول بھارتی میڈیا کے بعض حلقے من گھڑت کہانیاں پھیلانے میں مصروف ہیں، وقت خود واضح کر دے گا کہ کس نے کس کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے مبینہ دہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط ارسال کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کے خط کا جواب بھی دے دیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے رابطہ کرنے کے بعد ہی جواب دیا، جبکہ خط کے مندرجات اور جواب کی تفصیلات آئی سی سی ہی واضح کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق آئی سی سی نے اس معاملے کے حل کے لیے دیگر رکن بورڈز سے بھی رابطے کیے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کی تصدیق کی ہے، تاہم بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے پس منظر میں کئی عوامل کارفرما ہیں، جن میں بنگلادیش سے متعلق آئی سی سی کے مبینہ جانبدارانہ فیصلے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے، اور حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلادیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہتی ہے۔


