سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے دوران پاکستان کی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے ’اسمیش‘ (SMASH) نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرا دیا ہے، جو سمندری اور زمینی دونوں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اسمیش میزائل کو انتہائی تیز رفتار، جدید رہنمائی نظام اور تقریباً عمودی زاویے سے حملے کی صلاحیت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا مقصد جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینا ہے۔
اینٹی شپ سیٹنگ میں میزائل کی رینج 290 کلومیٹر بتائی گئی ہے اور اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب ہے۔ نیویگیشن کے لیے ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ایکٹو ریڈار سیکر استعمال کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق میزائل میں سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر لگائی گئی ہے، جس کی درستگی (سی ای پی) 10 میٹر یا اس سے کم ہے، جبکہ ٹرمینل فیز میں اس کی رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
زمینی اہداف کے لیے تیار کردہ ورژن میں بھی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے، تاہم اس میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے۔ اس ورژن میں نیویگیشن ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن پر مبنی ہے، جبکہ درستگی 15 میٹر یا اس سے کم اور رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زائد بتائی گئی ہے۔
جی آئی ڈی ایس کے مطابق اسمیش میزائل کو دوہرے کردار کی صلاحیت کے تحت تیار کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی پلیٹ فارم کو سمندری اور زمینی دونوں نوعیت کے مشنز کے لیے استعمال کیا جا سکے، جس سے لاجسٹک نظام کو سادہ بنانے اور اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور دیگر خطوں میں طویل فاصلے تک درست نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اسمیش میزائل کو ایسے ہی پیچیدہ اور حساس ماحول میں مؤثر دفاعی نظام کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔


