مغربی کنارے پر قبضہ نامنظور،پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا عالمی برادری سےاسرائیل کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

Date:

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی مذمت، پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ریاض: پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسے "خطرناک اور غیر قانونی اقدامات” سے باز رکھنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، پاکستان، مصر اور ترکیے کے وزرائے خارجہ نے مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی خودمختاری مسلط کرنے، یہودی بستیوں کے پھیلاؤ اور نئے قانونی و انتظامی ڈھانچے کے قیام کے اقدامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کسی قسم کا حقِ خودمختاری نہیں ہے اور حالیہ اقدامات دراصل مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کوششوں کو مزید تیز کر رہے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں خطے میں تشدد اور عدم استحکام کو بڑھا رہی ہیں، جو علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی برادری اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں یکطرفہ اقدامات سے روکے۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل صرف دو ریاستی فارمولے، عرب امن منصوبے اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے ہی ممکن ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related