اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان جمعرات کو اہم ملاقات ہوئی، جس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے اور مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر احد چیمہ، سید توقیر حسین شاہ، رانا ثناء اللہ، سینیٹر شیری رحمان اور ایم این اے راجہ پرویز اشرف بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کے اہم قومی اور داخلی سلامتی امور، سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب، غزہ امن بورڈ اور پاکستان کے مؤقف پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی ورکنگ ریلیشن شپ کو مضبوط کیا جائے گا اور مشاورتی عمل کو فعال انداز میں جاری رکھا جائے گا۔


