آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں انڈیانے پاکستان کی قومی ٹیم کو 61 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ سری لنکن دارالحکومت کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈئم میں کھیلا گیا جہاں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کا منظر بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جبکہ ایشان کشن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔ تلک ورما 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے 32 رنز اسکور کیے، جب کہ دوبے 27 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ایک بھارتی بیٹر رن آؤٹ ہوا۔
176 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عثمان خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاداب خان نے 14 اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی جگہ مستحکم کرلی جبکہ پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے مزید محنت درکار ہوگی۔


