پشاور: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور کالعدم شدت پسند گروہ فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مشترکہ کارروائی پولیس، ایلیٹ فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کبل گرام کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کی۔ کارروائی کے دوران مارے گئے دہشتگرد مبینہ طور پر انتہائی مطلوب تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کا مبینہ سرغنہ نور اسلام بھی شامل تھا جس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔ آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے تین اہلکار مقبول احمد، فدا حسین اور سعید الرحمان شہید ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مکمل کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


