ریاض: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیشِ نظر سفارتخانہ پاکستان سعودی عرب نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سفارتی اعلامیے میں پاکستانی کمیونٹی کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں اور سوشل میڈیا پر ایسا کوئی مواد شیئر کرنے سے گریز کریں جو مملکت کے قوانین یا ضابطوں کے خلاف ہو۔
سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی قانونی مشکلات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔
سفارتی حکام کے مطابق پاکستانی شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے سفارت خانہ چوبیس گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔
ان ٹیموں کو ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سفارت خانے کے مرکزی دفتر پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی پاکستانی شہری مشکل میں پھنس جائے تو اسے فوری مدد اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
سفارت خانے نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور کسی بھی غیر یقینی صورتحال میں سفارتی مشن سے رابطہ کریں۔


