کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والی شدید ہنگامہ آرائی اور اس کے نتیجے میں 11 افراد کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں بننے والی اس کمیٹی نے تحقیقات کے پہلے مرحلے میں تمام متعلقہ پولیس افسران کو طلب کیا، جن میں ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ایسٹ اور مختلف اضلاع کے ایس ایس پیز شامل تھے۔
اجلاس کے دوران واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور پولیس کی نفری سے متعلق تفصیلات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، جبکہ ایس ایس پی امجد شیخ نے کمیٹی کو اب تک کی صورتحال پر مکمل بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی واقعے کے تمام محرکات اور سیکیورٹی اقدامات میں ممکنہ کوتاہیوں کا تعین کر رہی ہے اور اسے 7 روز کے اندر اپنی حتمی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرنی ہے۔
اس واقعے میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن کی حالت اور بیانات کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔


