تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ممتاز رہنما اور ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی کی شہادت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عظیم شہدا کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
ترجمان سپاہ کے بیان میں کہا گیا کہ شہید علی لاریجانی ایک غیر معمولی شخصیت، گہرے مفکر اور انقلابی رہنما تھے جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق شہید کا خون قوم کے لیے عزت، طاقت اور بیداری کا ذریعہ بنے گا اور دیگر شہدا کی طرح ان کی قربانی بھی ایک نئے عزم کو جنم دے گی۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ علی لاریجانی اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
یاد رہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی حالیہ حملوں میں شہید ہوگئے تھے، جن کے بارے میں ایرانی حکام نے باضابطہ تصدیق بھی کر دی ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں ان کے بیٹے مرتضیٰ بھی شہید ہوئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق علی لاریجانی کو مشرقی تہران میں نشانہ بنایا گیا، جہاں وہ اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے گئے ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے۔


