مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث کل بروز جمعہ رمضان المبارک کا 30واں روزہ ہوگا جبکہ عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ 2026 کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے شوال کا چاند نظر آنے کی قابلِ قبول اور شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کے مکمل 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق موصول ہونے والی چند شہادتوں کو شرعی اصولوں کے مطابق درست قرار نہیں دیا گیا۔
ادھر زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو چاند دیکھنے کی 6 شہادتیں موصول ہوئیں، جن میں 5 ٹیلیفون کے ذریعے جبکہ ایک گواہ بذاتِ خود کمیٹی کے سامنے پیش ہوا، تاہم یہ تمام شہادتیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کر دی گئیں اور انہیں قابلِ قبول نہیں سمجھا گیا۔
دوسری جانب چیف خطیب خیبر پختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے کہا ہے کہ روزہ اور عید کے اعلان کا اختیار صرف حکومت کی رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر مستند یا نام نہاد کمیٹیوں کے اعلانات پر عمل کرنے سے گریز کریں۔


