ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے عیدالفطر کے موقع پر اسلامی ممالک اور ہمسایہ ممالک کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا کسی بھی برادر ملک سے کوئی تنازع نہیں اور سب کو بھائی سمجھتا ہے۔
اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ مسلم دنیا کے درمیان اختلافات سے صرف صہیونی ریاست فائدہ اٹھا رہی ہے، اس لیے اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد اور طاقت عطا فرمائے تاکہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی رضا حاصل کی جا سکے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال ایران کی اپنی جنگ نہیں بلکہ اس پر مسلط کی گئی ہے، اور ملک صرف دفاعی اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
جاپانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بظاہر امریکا اپنی جارحانہ پالیسی ختم کرنے کے لیے تیار نہیں، اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے محض جنگ بندی کافی نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف تھا کہ اسی دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملے کیے گئے، جو غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کے مترادف ہیں۔


