ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 15 نکاتی تجاویز پر باضابطہ طور پر اپنا جواب بھجوا دیا ہے اور اب امریکی ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق امریکی تجاویز یک طرفہ اور غیر منصفانہ ہیں اور یہ صرف امریکا اور اسرائیل کے مفادات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کے ذریعے موصول ہونے والی امریکی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پاکستان کو واضح مؤقف دیا گیا کہ ان تجاویز میں ضروری تقاضوں کی کمی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاحال مذاکرات کے لیے کوئی باضابطہ انتظام نہیں کیا گیا اور موجودہ مرحلے پر بات چیت کا کوئی واضح منصوبہ سامنے نہیں آیا۔
عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ اگر امریکا حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے تو مسائل کے حل کے لیے راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق سفارتی عمل مکمل طور پر رکا نہیں ہے اور پاکستان و ترکیے دونوں ممالک امریکا اور ایران کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ایرانی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی سے قبل ہی ایران 15 نکاتی تجاویز کا باضابطہ جواب ارسال کر چکا تھا۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران اب امریکا کے جواب کا منتظر ہے۔


