ایران کے دارالحکومت تہران سے رکنِ پارلیمنٹ مالک شریعتی نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے ایک اہم مسودہ قانون میں تین فوری نکات شامل کیے گئے ہیں، جن پر ہنگامی بنیادوں پر غور کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس مجوزہ قانون کا پہلا نکتہ این پی ٹی سے ایران کی علیحدگی کا اعلان ہے۔ دوسرا نکتہ جوہری معاہدے پر عملدرآمد کے لیے بنائے گئے باہمی اقدام کے قانون کو ختم کرنا ہے۔
تیسرے نکتے میں ہم خیال ممالک کے ساتھ ایک نئے بین الاقوامی معاہدے کی حمایت شامل ہے، جس کے تحت پرامن جوہری ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تعاون کیا جائے گا۔ اس ضمن میں برکس اور شنگائی تعاون تنظیم جیسے پلیٹ فارمز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ملک شریعتی کے مطابق اس مسودہ قانون کو پارلیمانی ایجنڈے میں فوری طور پر شامل کر لیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اس معاملے پر تیزی سے پیش رفت چاہتا ہے۔


