ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی فوج کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے 500 سے زائد اہلکاروں کو ہدف بنایا۔
ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق دبئی میں دو مختلف مقامات پر امریکی فوجی موجود تھے، جن میں سے ایک مقام پر تقریباً 400 جبکہ دوسرے مقام پر 100 سے زائد اہلکار تعینات تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹھکانوں کو گائیڈڈ میزائلز اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملوں کے بعد ایمبولینسز کئی گھنٹوں تک لاشوں اور زخمیوں کو منتقل کرتی رہیں، جس سے نقصان کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے سخت لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ یہ خطہ امریکی فوجیوں کے لیے “قبرستان” ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ کسی امریکی یا خلیجی حکام کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


