سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات

Date:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی شریک تھے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن اور استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی خیرسگالی کا پیغام دیا۔ انہوں نے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کے غیرمعمولی تحمل کو سراہتے ہوئے حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کا بھی حوالہ دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، اور امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے کی صورتحال پر اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا، وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی ملاقات کی، جہاں وزیر اعظم نے اپنے دفتر میں معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related