مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اسلام آباد میں اہم سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب، مصر اور ترکیے کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی۔ چار ملکی وزرائے خارجہ کے اس اہم اجلاس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال، جنگ بندی کے امکانات اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے، جبکہ تمام فریقین نے مسائل کے حل کے لیے پرامن ذرائع اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا، اہم اجلاس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششیں ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی جارحانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کی، جبکہ خطے میں جنگ بندی کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور چار ملکی اجلاس کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔


