اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری قیادت اور وزرائے اعلی کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ خلیجی ممالک پر حالیہ حملوں سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس پر اعتماد میں لائیں گے اور ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر اور ترسیل کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی اور اس پر عملدرآمد کے اقدامات پر بھی غور متوقع ہے۔
مزید یہ کہ اجلاس میں موٹر سائیکل اور رکشا ڈرائیورز کو سبسڈی دینے کے حوالے سے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں


