خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں 4 روزہ تعلیمی ورکنگ ماڈل متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو اسکول بند رہیں گے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل 2026 سے صوبے کے تمام سرکاری اسکول پیر سے جمعرات تک تدریسی عمل جاری رکھیں گے، جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو اسکول بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد تعلیمی عمل کو مزید منظم بنانا اور وسائل کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نصابی سرگرمیوں کو مکمل کرنے کے لیے یومیہ تدریسی اوقات میں معمولی اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے خیبرپختونخوا کے اس اقدام سے متعلق اسکولوں میں 4 روزہ تعلیمی ہفتے کے نوٹیفکیشنز کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جعلی اور من گھڑت قرار دیا۔
انہوں نے طلبہ اور والدین سے کہا کہ وہ غیر تصدیق شدہ خبروں پر یقین نہ کریں اور اسکولوں میں اپنی تعلیم جاری رکھیں۔ رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ معاشی دباؤ کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور تمام سرکاری و نجی اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق آن لائن یاچ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ زیرِ غور نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب بھر میں اسکول 10 مارچ سے بند کیے گئے تھے، جن میں عید الفطر کی تعطیلات بھی شامل تھیں
31 مارچ تک کی بندش کے بعد تمام تعلیمی ادارے تدریسی عمل کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں، جس کا والدین اور اساتذہ نے خیرمقدم کیا ہے تاکہ بچوں کے تعلیمی حرج کا ازالہ کیا جا سکے۔


