وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور عوامی ریلیف سے متعلق حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں جو قومی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے ریلیف کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سبسڈی کی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ شفاف اور مؤثر نظام کے تحت مستحقین تک امداد پہنچ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں کے ساتھ ساتھ گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو بھی سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومتی کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی سے بچائی گئی رقم عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی، جبکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔


