ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اگر اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھتا ہے تو ایران جنگ بندی معاہدے سے دستبردار ہو سکتا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اس امکان پر غور کر رہا ہے۔
ایرانی مسلح افواج اسرائیلی حملوں کے جواب میں اہداف کی نشاندہی کر رہی ہیں، اور اگر امریکا خطے میں اپنے اتحادی کو کنٹرول نہ کر سکا تو ایران خود طاقت کے ذریعے اس معاملے میں کردار ادا کرے گا۔
ذرائع کے مطابق دو ہفتوں کے جنگ بندی منصوبے میں امریکا نے تمام محاذوں پر جنگ روکنے پر اتفاق کیا تھا، جس میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں بھی شامل تھیں، تاہم اسرائیل نے آج صبح سے لبنان پر حملے کر کے معاہدے کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر ایران ایک جانب جنگ بندی معاہدے سے دستبرداری کے امکانات پر غور کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب فوجی اہداف کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے تاکہ اسرائیلی کارروائیوں کا مناسب جواب دیا جا سکے۔


