ایران اور امریکا کے درمیان جاری شدید کشیدگی کو ختم کرتے ہوئے دنوں ممالک نے دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جسے خطے میں ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس بات کا اعلان امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا جس میں انہوں نے ایران پر حملے عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا۔ اس کے جواب میں ایران نے بھی اپنی فوجی کارروائیاں معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
یہ پیش رفت پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی، جہاں حکومت اور عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا۔
جنگ بندی کی شرائط
جنگ بندی چند اہم نکات پر مشتمل ہے
آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جائے گا تاکہ تیل کی عالمی ترسیل بحال ہو سکے۔
دونوں ممالک دو ہفتوں تک ہر قسم کی فوجی کارروائی سے گریز کریں گے۔
اس دوران مستقل امن کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
عالمی ردعمل:
جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاک مارکیٹس میں بہتری بھی دیکھی گئی ہے۔
غیر یقینی صورتحال برقرار:
دوسری جانب ایرانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل امن نہیں بلکہ ایک عارضی وقفہ ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو کشیدگی دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دو ہفتے خطے کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور اسی دوران ہونے والے مذاکرات یہ طے کریں گے کہ آیا یہ جنگ بندی مستقل امن کی طرف بڑھتی ہے یا ایک بڑے تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہوا، جس سے پورا مشرق وسطیٰ عدم استحکام کا شکار ہو گیا تھا۔


