تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ عالمی برادری جنگ بندی کے اعلان کے بعد لبنان میں جاری قتلِ عام کو بغور دیکھ رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا اس بات کا بھی مشاہدہ کر رہی ہے کہ امریکا اپنے وعدوں پر قائم رہتا ہے یا نہیں۔ عباس عراقچی نے وزیراعظم شہباز شریف کے جنگ بندی سے متعلق بیان کو بھی شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کی شرائط بالکل واضح اور دو ٹوک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے اور اسے فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ جنگ بندی برقرار رکھنا چاہتا ہے یا اسرائیل کے ذریعے جنگ کو جاری رکھے گا، کیونکہ دونوں چیزیں بیک وقت ممکن نہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں عباس عراقچی نے انہیں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔


