کراچی: پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور شاندار عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اور تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹر بن گئے۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم نے یہ سنگ میل کراچی کنگز کے خلاف میچ کے
دوران عبور کیا، اور اپنی مہارت سے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔
بابر اعظم نے صرف 338 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے، جس کے ذریعے انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا، جبکہ ویرات کوہلی نے یہ ریکارڈ 360 اور ڈیوڈ وارنر نے 368 اننگز میں مکمل کیا تھا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم دنیا کے 12ویں اور دوسرے پاکستانی پلیئر ہیں جنہوں نے یہ سنگ میل حاصل کیا ہے، اس سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب ملک بھی 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
اس کامیابی نے نہ صرف بابر اعظم کی ذاتی کارکردگی کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی فخر کا باعث بنائی۔


