پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں زلمی کے 247 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جو ایک یکطرفہ مقابلے کی واضح تصویر پیش کرتا ہے۔
میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ پشاور زلمی کا آغاز اگرچہ مایوس کن تھا اور اوپنر محمد حارث صفر پر ہی خوش دل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کے بعد میچ کا نقشہ یکسر بدل گیا۔
کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ کوشل مینڈس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے دھواں دار اننگز کھیلی، جس کی بدولت ٹیم نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
اسی دوران بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔


