اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق امریکی وفد میں سٹیو وٹکوف اور جیراڈ کشنر بھی شامل تھے، جبکہ پاکستانی وفد کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا اہم حصہ قرار دیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فریقین نے اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں دونوں وفود کی تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سفارتی عمل دونوں اطراف کے درمیان اعتماد سازی اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔


