لاہورکے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق، متعدد زخمی

Date:

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک حادثے میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ وزیرِ صحت پنجاب نے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی المناک قرار دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق 5 سے 6 بچوں کو زندہ نکال لیا گیا، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے دو بچوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ چار بچے زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متاثرہ بچے اسکول کے بعد ٹیوشن پڑھنے کے لیے اکیڈمی آئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچوں کو پڑھایا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں غفلت کے شواہد سامنے آنے پر ٹیوشن سینٹر سے وابستہ پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین علاج کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق رہائشی مکان میں غیرقانونی طور پر ٹیوشن سینٹر قائم کیا گیا تھا اور خستہ حال عمارت کو مرمت کیے بغیر بچوں کی تدریس کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related