ضلع خانیوال میں جدید الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے منتخب عوامی نمائندوں کے ہمراہ سروس کا افتتاح کیا۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، رکن صوبائی اسمبلی اصغر حیات ہراج اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ضیاءالرحمن نے بھی شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں خانیوال سے کبیروالا اور جہانیاں کے روٹس پر 9 جدید الیکٹرک گرین بسیں چلائی جائیں گی۔ بسوں میں مسافروں کی سہولت کے لیے ایئرکنڈیشنڈ ماحول، مفت وائی فائی، سی سی ٹی وی کیمرے، جدید ٹریکنگ سسٹم اور آرام دہ نشستوں سمیت متعدد جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرین بس سروس کے آغاز سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ یہ منصوبہ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔


