شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ سمندر میں گر کر لاپتا، 5 افراد سوار، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری

Date:

کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب بحیرۂ عرب پر دورانِ پرواز لاپتا ہوگیا، جس کے بعد پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نجی کمپنی کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400 (رجسٹریشن AP-BOI) شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔

پی اے اے کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے تقریباً 150 ناٹیکل میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر پرواز کے دوران طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی اور فضائی رہنمائی طلب کی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ اچانک دائیں جانب مڑا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا۔

ترجمان کے مطابق طیارے کی نیچے آنے کی رفتار تقریباً 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔ کنٹرول ٹاور نے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا اور اس سے ریڈار و مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوگیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بتایا کہ طیارے کے پائلٹ نے آخری لمحات میں "مے ڈے” کال نہیں دی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال اتنی اچانک پیدا ہوئی کہ پائلٹ کو ہنگامی پیغام بھیجنے کا موقع نہیں مل سکا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ طیارہ فنی خرابی کے باعث چند روز قبل مرمت کے لیے شارجہ بھیجا گیا تھا، جہاں وہ پانچ روز تک موجود رہا۔ طیارہ مرمت کے بعد فیری فلائٹ (بغیر کارگو کے) کراچی واپس آرہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کی مرمت Northern Techniques نامی کمپنی نے کی تھی۔

واقعے کے فوراً بعد پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فعال کرتے ہوئے بحیرۂ عرب میں وسیع سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن میں پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پی این ایس حنین متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں، جبکہ پاک فضائیہ کا ایک طیارہ بھی تلاشی کارروائی میں حصہ لے رہا ہے۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کر کے سرچ آپریشن میں شامل ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز بھی امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کر دیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے اور عملے کی تلاش کے لیے آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے، تاہم آخری اطلاعات تک طیارے یا اس میں سوار افراد کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related