ایران کے چیف مذاکرات کار اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران پر حالیہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایران کسی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔
محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں امریکا پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملے، ایرانی تیل کی برآمدات پر دوبارہ پابندیوں کا نفاذ، مزید فوجی کارروائیوں کی دھمکیاں، آبنائے ہرمز میں ایران کے قانونی اقدامات میں مداخلت اور لبنان کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملے، سب مفاہمتی یادداشت کی صریح خلاف ورزیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے بجائے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات کیے ہیں، تاہم ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ ایران دباؤ، دھمکیوں یا طاقت کے استعمال سے اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا مناسب اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


