وفاقی کابینہ کا کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری

Date:

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اہم پالیسی اور انتظامی امور پر بھی فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے زیر انتظام جاری کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس پر وفاقی کابینہ نے مزید مشاورت اور تفصیلی جائزے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت صحت کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر نئے میڈیکل کالجز کے قیام کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

اسی طرح وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیوں کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ سے متعلق پرائیویٹ حج پالیسی 2027 سے 2030 کے مسودے پر بھی غور کیا گیا۔ کابینہ نے اراکین کی آرا کی روشنی میں اس مسودے کو مزید غور و خوض کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اس موقع پر کابینہ نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے تناظر میں کابینہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related