متحدہ عرب امارات نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے ایران کے خلاف کوئی بھی حملہ شروع کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ کا ایک بحری بیڑا خلیج کی طرف بڑھ رہا ہے اور واشنگٹن ایران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں دوبارہ تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنی فضائی حدود، سرزمین یا پانیوں کو ایران کے خلاف کسی بھی جارحانہ فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے عزم پر قائم ہے۔
متحدہ عرب امارات دارالحکومت ابوظہبی کے قریب الظفرہ ایئربیس پر ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کی میزبانی کرتا ہے، جو خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات میں سے ایک ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات حملوں کے لیے لاجسٹک تعاون بھی فراہم کرنے سے انکار کرتا ہے۔ بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ موجودہ بحرانوں سے نمٹنے کا بہترین طریقہ مذاکرات، تنازعات کی کمی، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور ریاستوں کی خودمختاری کا احترام‘ ہے۔


